یکم اپریل کے بعد بھرتی ہوئی تو تنخواہ روک لیں، الیکشن کمیشن

نتائج

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکم دیا ہے کہ یکم اپریل کے بعد بھرتی ہونے والے ملازمین کی تنخواہیں اور جاری شدہ ٹینڈرز کے لیے رقم جاری نہ کی جائے۔

اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو(اے جی پی آر) کو لکھے گئے ایک خط میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ یکم اپریل کے بعد جاری ہونے والے ٹینڈرز کے فنڈز جاری نہ کیے جائیں۔

الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ اے جی پی آر یکم اپریل کے بعد ہونے والی ملازمتوں کی تنخواہیں بھی جاری نہ کرے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کو غیرجانبدرانہ اور منصفانہ بنانے کے لیے یکم اپریل سے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات اور ملازمتوں پر پابندی لگائی گئی تھی  لیکن اس کے باوجود مختلف ادارے ٹینڈرز اور ملازمتوں کے اشتہارات جاری کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے معاملے کا سخت نوٹس لینے کا عندیہ دیا ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز کی ڈرافٹ لسٹ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 59 ون کے تمام ریٹرننگ افسروں کے حوالے کر دی ہے۔

ریٹرننگ افسران پولنگ اسٹیشنز کی  ڈرافٹ لسٹ میں ضروری تبدیلیاں کرنے کے بعد فہرست کی ابتدائی اشاعت کریں گے۔

پولنگ اسٹیشنز کے متعلقہ ووٹرز اپنے اعتراضات اور تجاویز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کروائیں گے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اعتراضات پر فیصلے کر کے حتمی پولنگ اسٹیشنز کی لسٹ شائع کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز کی ڈرافٹ لسٹ اپنی ویب سائٹ پر بھی جاری کر دی ہے۔


متعلقہ خبریں