اطالوی گلیشیئر ٹوٹنے سے 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی


اطالوی ایلپس کے ڈولومائٹس نامی علاقے میں گلیشیئر ٹوٹنے سے 7 افراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت خطے میں کوہ پیما یا سیاح موجود تھے، لیکن تعداد کے بارے میں کوئی معلومات نہیں،تاہم امداد حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں غیر ملکی باشندے شامل ہیں۔

ملک میں ہنگامی امدادی ادارے کی ترجمان کا کہنا ہے کہ کئی سیاح  رسیوں کی مدد سے گلیشیئر کی چوٹی پر پہنچنے کے لیے درمیانی گزرگاہ پر موجود تھے، جب برفانی تودہ ٹوٹ کر ان پر آ گرا،  ان میں سے کچھ برفانی تودے کے ساتھ نیچے گرتے ہوئے برف میں دب چکے ہیں۔

ریسکیو حکام کی جانب سے ایک ٹول فری نمبر بھی جاری کیا گیا ہے، جس پر رابطہ کر کے لوگ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ ابتدائی امدادی کارروائیوں میں کئی ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا تاہم خراب موسم کے باعث امدادی کارروائیاں روکنا پڑیں۔

حکام کے مطابق ان کو متاثرین کی مدد کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ زیادہ تر لاشیں برفانی تودے کے نیچے دب گئیں تھیں۔

اقوام متحدہ کی رواں سال  جاری کردہ رپورٹ کے مطابق برف کا پگھلنا گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی نظام کو درہم برہم کرنے والی 10 بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔

 


متعلقہ خبریں