ورلڈ میوزک ڈے کے موقع پر جرمن اور فرنچ سنٹر کے زیراہتمام موسیقی کی تقریب


لاہور میں ورلڈ میوزک ڈے کی مناسبت سے موسیقی کی خوبصورت محفل سجائی گئی، جرمن اور فرنچ سنٹر کے تعاون سے میوزک شو میں جوشوا جاوید اور دی آل گرل بینڈ کی الگ الگ پرفارمنس نے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

ورلڈ میوزک ڈے کا مقصد موسیقی کے ذریعے امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔ لاہور میں جرمن اور فرنچ سنٹر کے زیراہتمام موسیقی کی تقریب میں جوشوا جاوید بینڈ نے سر اور تال کا میل ملا کر گیت سنائے۔

جس پر شائقین جھوم اٹھے۔ گلوکار جوشوہ جاوید کا کہنا تھا کہ آج کے دن تمام سنگر اکٹھے ہوکر میوزک بجاتے ہیں اس دن کا مقصد ایک ساتھ سرتال میل منانا ہے۔

تقریب میں دی آل گرل بینڈ نے بھی موسیقی کی دھنیں بکھیریں۔ آل گرل بینڈ کی خوبصورتی یہ ہے کہ اس میں شامل تمام موسیقار اور گلوکار لڑکیاں ہیں۔ کسی نے بجایا ڈرم تو کوئی گٹار بجاتی، سحر بکھیرتی رہی۔ بینڈ میں شامل گرلز نے اپنی مدھر آواز کا جادو جگا کر سننے والوں کو خوب محظوظ کیا۔

بینڈ کی رکن مشعل نے کہا کہ انکا مقصد پیار بانٹنا اور میوزک کی ترویج کرنا ہے۔میوزک شو انتظامیہ کے مطابق ورلڈ میوزک ڈے پر نئے موسیکاروں کو بھی پلیٹ فارم مہیا کیا جاتا ہے۔

ڈائریکٹر مینجمنٹ جرمن سنٹر شہناز نعمان نے کہا کہ آج کے ایونٹ کا مقصد تمام موسیقاروں کو اکٹھا کر کے میوزک کو فروغ دینا ہے۔ اچھی موسیقی دلوں کے تارچھیڑتی اورذہن کوسکون بخشتی ہے۔

ورلڈ میوزک ڈے کا آغاز فرانس کے شہر پیرس سے ہوا، اس دن کی مناسبت سے دنیا بھر کے مختلف ممالک میں خصوصی محفلوں کا اہتمام کیا جاتا ہے جن میں گلوکار اور موسیقار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں