عمران خان نے جھوٹے کیسز بنوائے، اب سچے کیسز کا سامنا کریں، وزیر داخلہ


اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کو بتائیں 2014 کے دھرنے کیوں دیئے تھے۔ عمران خان نے جھوٹے کیسز بنوائے لیکن اب سچے کیسز کا سامنا کریں۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ روز کہا کہ ہمیں ہراساں کیا جا رہا ہے اور دیوار سے لگانا بند نہ کیا گیا تو سب کچھ قوم کو بتاؤں گا۔ عمران خان بتائیں کہ کیا انہیں کوٹ لکھپت یا اڈیالہ میں بند کر دیا گیا ؟ کیا عمران خان کا اے سی اتار دیا گیا اور پنکھا بند کر دیا گیا یا ادویات بند کر دی گئیں ؟ لیکن عمران خان یہ سب کچھ اپنے مخالفین کے ساتھ 3 سال تک کرتے رہے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 458 کنال اراضی اہلیہ کے نام پر لی اور عمران خان نے 200 سے زائد کنال فرح کے نام پر لی۔ عمران خان کیا پوچھ گچھ سے پریشان ہو رہے ہیں ؟ اچھا ہے قوم کو بتائیں کہ 2014 کے دھرنے کیوں دیئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تو صرف سوالات پوچھے جا رہے ہیں کہ پنجاب سے اکٹھی ہونے والی رقم وزیر اعلیٰ ہاؤس جاتی تھی یا بنی گالہ ؟ اراضی اسکینڈل میں اقرار نامہ، رجسٹری سب موجود ہے جس میں 5 ارب روپے کا غبن کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو لاہور سے حراست میں لے لیا گیا

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان بتائیں وہ 15 کلو ہیروئن کس کی ہے اور عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں میرے کیس کا سوموٹو لیں۔ اگر ہیروئن میری ثابت ہو جائے تو مجھے کڑی سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ڈی چوک پر بیٹھنے نہیں دیا گیا کیا یہ ہراساں کرنا ہے ؟ میرے خلاف سزائے موت کا کیس عمران خان نے بنوایا اور ابھی تو صرف فرح گوگی سے متعلق سوال ہوا ہے۔ ایک ڈاکو بینک میں ڈاکہ ڈالے اور کہے میری ویڈیو کیوں بنائی گئی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ابھی گزشتہ حکومت کی کرپشن کی تحقیقات شروع ہوئی ہیں اور اراضی اسکینڈل میں 5 ارب روپے کاغبن کیا گیا ہے۔ ابھی تو ان سے سوال ہوا ہے جبکہ مقدمات درج ہونے کا مرحلہ ابھی آنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان لوگوں پر جھوٹے کیسز بناتے رہے لیکن اب سچے کیسز کا سامنا کریں۔ عمران خان بنی گالہ میں بیٹھےدھمکیاں دے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں