الیکشن کمیشن تعصب کا مظاہرہ کر رہا ہے، کب کارروائی کرے گا؟اسد عمر

لانگ مارچ میں وزیر آباد سے شرکت کروں گا، اسد عمر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تعصب کا مظاہرہ کر رہا ہے وہ پنجاب حکومت کے خلاف کب کارروائی کرے گا ؟

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور حسین الہٰی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ریاض فتیانہ، سبطین خان، محمود الرشید اور محمد علی اکبر خان بھی موجود تھے۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت پنجاب کے ضمنی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے الیکشن پر تبادلہ خیال اور پنجاب میں ضمنی انتخابات میں حکومت پنجاب کی مداخلت پر اظہار تشویش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جمہوریت، آزادی اظہار کے حامی باہر نکلیں، عمران خان

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے کہا کہ حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ کے سامنے کیا گیاعہد توڑ دیا، اب سپریم کورٹ پنجاب حکومت کے ضمنی انتخابات میں مداخلت کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی جانب سے مداخلت پر کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ حکومت پنجاب بدترین دھاندلی کی مرتکب ہو رہی ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی بار بار پارٹی لائن کراس کر رہے ہیں اور وہ ن لیگ کی ہر پارٹی میٹنگ میں بیٹھے نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کو مسلسل پنجاب حکومت کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کر رہے ہیں کہ پنجاب حکومت پری پول دھاندلی کی مرتکب ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن تعصب کا مظاہر ہ کر رہا ہے لیکن الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کے خلاف کب کارروائی کرے گا۔


متعلقہ خبریں