حکومت مہنگی بجلی نہیں دے رہی تو مفت کیا دے گی، فواد چودھری


اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت مہنگی بجلی نہیں دے پا رہی تو مفت کیا دے گی۔

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے آخری دن ہیں اور آج پھر بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ آج بجلی کی کھپت کم ہے لیکن پھر بھی 8 سے 10 گھنٹےکی لوڈشیڈنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ ن میں گھبراہٹ کا ماحول ہے۔ یہ مہنگی بجلی نہیں دے پا رہے تو مفت کیا دیں گے۔ حکومت کی جانب سے بھارت کو خوش کرنے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں جبکہ دنیا بھر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے مگر حکومت خاموش ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ ہر بھارتی سرمایہ کار ان کا پارٹنر بنا ہوا ہے جبکہ صحافیوں کے خلاف ظلم پر ٹوئٹر نے بھارتی سرکار کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا اور وزیر خارجہ بلاول زرداری کہتے ہیں ہم بھارت کے ساتھ معاشی روابط بحال کریں گے۔ وزیر خارجہ مودی کی خوشنودی کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سگریٹ انڈسٹری کی نمائندگی مریم اورنگزیب کے شوہر کرتے ہیں اور سیکرٹری کابینہ کو خط لکھا ہے کہ سیگریٹ انڈسٹری اجلاس میں مریم اورنگزیب کیوں شریک تھیں ؟ اور اگر یہ ثابت ہوگیا تو ہم مریم اورنگزیب پر ریفرنس فائل کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کوشش ہے ملک کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنائیں، وزیر اعظم

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ مریم نواز نے کہا تھا مریم اورنگزیب رات رات بیٹھ کر بجٹ پر کام کر رہی ہیں اس لیے بجٹ میں سگریٹ انڈسٹری پر ٹیکس کی چھوٹ دی گئی۔ دنیا میں سگریٹ انڈسٹری کی حوصلہ شکنی ہو رہی اور ہمارے ہاں یہ حوصلہ افزائی۔ مریم اورنگزیب کے شوہر نے اپنی بیگم کے ذریعے انڈسٹری کو فائدہ پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے لوگ ہمیشہ پیسے لوٹتے ہیں اور ملک سے باہر چلے جاتے ہیں۔ سولر انرجی توانائی کا اہم ذریعہ ہے اور ایسا نہیں ہوسکتا ہے آپ پیسے لوٹیں اور چلے جائیں۔ سولر پینلز اسکینڈل پر عدالت کو چاہیے نوٹس لے۔ بدقسمتی سے عدالت کے علاوہ تو سب ادارے سوئے ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں