عوام ووٹوں کے ذریعے شریفوں کو تاریخ سے بھی ختم کریں گے، پرویز الہیٰ


گجرات: اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عوام ووٹوں کے ذریعے شریفوں کو تاریخ سے بھی ختم کریں گے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج کا دن ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے اور ایسے لوگ جو قربانی نہیں کر سکتے ان پر بھی شفقت کا ہاتھ رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی مسلح افواج اور اس کے سپہ سالار کو بھی اپنی خوشی میں یاد رکھنا چاہیے اور شہدا کے لواحقین کے پاس جا کر ان کی دل جوئی کرنی چاہیے۔ شہدا کے لواحقین کے دل جیتنے چاہئیں کیونکہ یہ ملک کا اثاثہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان بے ساکھیوں کے سہارے آئے تھے،اب کوئی مستقبل نہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب کے عوام ضمنی انتخابات میں موجودہ نالائق حکومت کو سبق سکھائیں گے اور حکمرانوں نے ناصرف مہنگائی کا طوفان دیا بلکہ لوگوں سے نوالہ بھی چھین لیا۔ انہیں ایسی عبرت ناک شکست ہو گی کہ ان کی سیاست کے ساتھ ان کا نام بھی مٹ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لوٹوں کی ایسی بربادی ہو گی کہ اب کوئی پارٹی بدلنے کا سوچے گا بھی نہیں اور پنجاب کے عوام ووٹوں کے ذریعے شریفوں کو تاریخ سے بھی ختم کریں گے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ چودھری شجاعت سے احترام کا جو رشتہ ہے وہ مرتے دم تک رہے گا اور ہمارے درمیان افواہیں پھیلانے والے ناکام و نامراد رہیں گے۔ ہمیشہ چودھری شجاعت حسین کے لیے دعاگو ہوں۔


متعلقہ خبریں