فوزیہ قصوری پاک سر زمین پارٹی میں شامل


کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی بانی رکن فوزیہ قصوری پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شامل ہو گئیں۔

پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے عمران خان سے کوئی ذاتی پرخاش نہیں لیکن تحریک انصاف ایسے رہنماؤں کو پارٹی میں شامل کر رہی ہے جن پر کرپشن کے الزامات کے تحت مقدمات چلنے چاہئیں، میں پی ٹی آئی کی بانی رکن ہوں اور میں نے اسے اپنی زندگی کے 23 سال دیے ہیں، اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ موسمی پرندے کیسے نیا پاکستان بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ میرا تعلق کراچی سے ہے لیکن میں نے خود کو مہاجر، اردو بولنے والی یا پشتون کے بجائے ہمیشہ صرف پاکستانی کہا ہے۔

اس موقع پرمصطفیٰ کمال نے کہا کہ فوزیہ قصوری کے شمولیت سے ہمارے نظریے کی توثیق ہوئی ہے، لوگ صحیح اور غلط کا فرق دیکھ کر پی ایس پی میں شامل ہورہے ہیں، اللہ کی تائید ہمارے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب کراچی میں سچ بولنے والوں کو موت کی سزا دی جاتی تھی، پھر اللہ نے ایم کیو ایم کے قائد کو گرا دیا، دو سال میں 18 صوبائی اور چار قومی اسمبلی کے ارکان پی ایس پی میں شامل ہوئے ہیں، اس دوران لوگ ہم پر تہمت لگاتے رہے لیکن آج  دوسری جماعتوں کے لوگ ہمارے پاس آ رہے ہیں۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم مہاجرکارڈ اور وزیراعلیٰ سندھ  کارڈ استعمال کر رہے ہیں، سندھ میں ایک ڈرامہ چل رہا ہے اوراب کچھ لوگوں کو صوبہ بنانے کا خیال آ گیا ہے۔

بدھ کے روز عمران خان کو بھیجے گئے اپنے استعفیٰ میں فوزیہ قصوری نے لکھا تھا کہ پارٹی اپنے حقیقی راستے سے ہٹ گئی ہے اور قربانیاں دینے والوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں