کراچی میں بارش، علاقے زیر آب، گاڑیاں سڑکوں پہ بند، کئی علاقوں میں بجلی معطل، 3 افراد جاں بحق

کراچی میں بارش، علاقے زیر آب، گاڑیاں سڑکوں پہ بند، کئی علاقوں میں بجلی معطل، 3 افراد جاں بحق

کراچی: شہر قائد میں ہونے والی تیز بارش کے باعث کئی علاقوں میں ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ سڑکیں زیر آب آچکی ہیں، درجنوں گاڑیاں پانی میں بند ہونے کی وجہ سے سڑکوں پہ کھڑی ہوئی ہیں، شہریوں کی بڑی تعداد اپنی مدد آپ کے تحت گاڑیوں کو نکالنے کے لیے دھکے بھی لگا رہے ہیں، بیشتر علاقے  تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں جب کہ اس دوران ہونے والے حادثات کے باعث تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

کراچی میں بارش نے سارے ریکارڈ توڑ دیے، دو اموات رپورٹ ہوئی ہیں، وزیراعلیٰ

ہم نیوز کے مطابق ڈیفنس، کلفٹن، ملیر، ائیرپورٹ، آئی آئی چند ریگر روڈ ، صدر،  اولڈ سٹی ایریا، گلستان جوہر، ایف بی ایریا، نارتھ ناظم آباد،کورنگی، پی ای سی ایچ ایس،  نیپا پل، قیوم آباد چورنگی، آرٹس کونسل چورنگی، سپریم کورٹ رجسٹری، زینب مارکیٹ اورایم اے جناح روڈ سمیت شہر کے کئی علاقوں میں سڑکیں مکمل طور پر پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں

بارش کی وجہ سے خیابان توحید کمرشل، اتحاد کمرشل، خیابان شمشیر، مسلم کمرشل، سی ویو، بدر کمرشل اور صبا ایونیو سمیت ڈیفنس کے کئی علاقوں میں بھی پانی کھڑا ہوا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق خیابان بحریہ، 26 اسٹریٹ، خیابان مجاہد، خیابان تنظیم، این آئی سی وی ڈی اور جناح اسپتال کے سامنے اس قدر پانی جمع ہے کہ مریضوں کو لانا لے جانا از حد مشکل ہو رہا ہے اور ایمبولینسز کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

لاہور میں بارش ہوتی ہے پانی کھڑا نہیں ہوتا، کراچی کے حالات سب کے سامنے ہیں، عمران خان

شہر کے بیشتر انڈر پاسز پانی بھرنے کی وجہ سے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہیں جب کہ کئی علاقہ مکینوں کے مطابق بارش کا پانی ان کے گھروں میں داخل ہو گیا ہے جس سے ان کا گھریلو سامان بھیگ گیا ہے۔

مہم نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے تحت سب سے زیادہ بارش ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 127 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پی اے ایف فیصل بیس 100 ، مسروربیسں 72 اور نارتھ کراچی 50،  جامعۃ الرشید 40، ایم او ایس 39، سرجانی ٹاؤن 38، یونیورسٹی روڈ 34، ناظم آباد میں 29، اورنگی ٹاؤن 16 ، کیماڑی اورگلشن حدید میں 11، سعدی ٹاؤن 09 ، قائد آباد 08 اور گڈاپ ٹاؤن میں 05 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی! ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، مریم نواز

ہم نیوز کے مطابق مزید بارش برسانے والا سسٹم بھی شہر قائد کی جانب بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے صوبائی شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ، شہری ادارے پانی کی نکاسی کے لئے مصروف عمل ہیں، شہر سے پانی کی نکاسی جلد از جلد ممکن بنائی جائے گی۔

پی پی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں، پی ڈی ایم سندھ کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے، ایمر جنسی یا شکایت کی صورت میں پی ڈی ایم ہیلپ لائن 1736 پر شہری رابطہ کریں۔

بارش نے ایک بار پھر کراچی کے انفراسٹرکچر کی خامیوں کا پول کھول دیا،ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

ہم نیوز کے مطابق شرجیل میمن نے کہا کہ پولیس مددگار 15 اور ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 کو بھی شہریوں کی مدد کیلئے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں