فاٹا سے کالے قوانین کا خاتمہ ہوگا، شاہ محمود کی فاروق ستار سے ملاقات


اسلام آباد: سابق وزیرخارجہ اورتحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں ضم ہونے کے بعد اب وہاں سے کالے قوانین اور ایف سی آر کا خاتمہ ہوگا۔

پارلیمنٹ لاجز میں ایم کیوایم رہنما فاروق ستار سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پارلیمنٹ نے تکمیل پاکستان کی طرف بہت بڑا قدم اٹھایا ہے، اب فاٹا میں جوڈیشل انفرا اسٹرکچر قائم ہوگا اورعوام کو انصاف ملے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری افواج فاٹا میں قربانیوں کے بعد امن لے کر آئی ہیں جب ہم ملک کو سامنے رکھتے ہوئے بات کرتے ہیں تو فائدہ ہوتا ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ آج حکومت اور اپوزیشن نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا۔ انہوں نے ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار نے بل کی حمایت کرکے ثابت کیا کہ یہ قوم کے بیٹے ہیں۔

ایم کیو ایم پی آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد پاکستان کے حامی تھے، ہجرت کرکے پاکستان آنے والوں نے وطن کی سلامتی میں کلیدی کردارادا کیا۔

فاروق ستار نے کہا کہ 1947 میں ہم قیام پاکستان اور آج  تکمیل پاکستان کے ساتھ  کھڑے ہیں اور ہمیں کسی سے پاکستانی ہونے کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے میں 70 سال لگ گئے، کراچی جو پاکستان کا مرکز تھا وہ اب قومی دھارے سے باہر جا رہا ہے جسے ہمیں واپس قومی دھارے میں لانا ہے۔


متعلقہ خبریں