انضمام بل منظور نہ ہوتا تو فاٹا میں انتشار پھیل جاتا ، عمران خان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے اچھا فیصلہ کیا اگر فاٹا انضمام کا بل منظورنہ ہوتا تو وہاں انتشار پھیل جاتا۔

فاٹا اصلاحات بل کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے فاٹا انضمام بل کی منظوری پرارکان پارلیمنٹ کو مبارکباد دی اور کہا کہ قبائلی علاقوں میں امن کا قیام بہت قربانیوں کے بعد ممکن ہوا، ان علاقوں میں دہشت گردی کی وجہ سے بہت تباہی ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ قبائلی علاقوں کے عوام کو پاکستانی ہونے کے باوجود پاکستانی تسلیم نہیں کیا جاتا تھا جس کے باعث اس بات کا خطرہ تھا کہ کہیں بیرونی عناصر انہیں استعمال  کر کے ملک  میں دہشت گردی کی کارروائیاں  نہ  شروع  کر دیں، قبائلی عوام سستا اور فوری انصاف چاہتے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ فاٹا انضمام کے مخالفین اس کی کمزوریاں اچھاليں گے۔

عمران خان نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک کرپٹ  وزیرا‏عظم کو منی لانڈرنگ پرمجرم ٹھہرایا جانا ہماری کامیابی ہے۔

عمران خان کی تقریر کے دوران حکومتی ارکان نے شور شرابہ کیا اور ہلڑ بازی کی ، تحریک انصاف کے ارکان نے  بھی اس کا بھرپور جواب دیا۔

اسپیکر ایاز صادق بار بار نو کراس ٹاک، پلیز خان صاحب ایڈریس دی چیئر کے الفاظ دہراتے رہے لیکن ن لیگ اور پی ٹی آئی کے ارکان نے ان کی ایک نہ سنی، اسپیکر نے وزیر مملکت عابد شیرعلی کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خاموش رہیں، تمام ارکان ڈیکورم کا خیال رکھیں، پلیز تشریف رکھیں، انہوں نے خواجہ سعد رفیق سے بھی  ارکان کو سمجھانے کی  ہدایت کی لیکن ایوان میں شور شرابہ ختم نہ ہو سکا۔

خطاب کے فوری بعد عمران خان پی ٹی آئی ارکان کے ہمراہ ایوان سے روانہ ہو گئے۔


متعلقہ خبریں