45 دن میں قوم کو سب پتہ چل جائے گا،اینٹی کرپشن کا نوٹس نہیں ملا، شیخ رشید


لاہور: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 45 دن میں قوم کو سب پتہ چل جائے گا۔ مجھے معلوم ہے رانا ثنا اللہ مجھے گرفتار کرنا چاہتے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا دماغ کام نہیں کر رہا اور حکومت نے پریشانی کے عالم میں پرسوں میری سیکیورٹی واپس لے لی۔ یہ سیکیورٹی تب ملتی ہے جب 5 سیکرٹری بیٹھ کر فیصلہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل میڈیا کو خبر دی گئی کہ اینٹی کرپشن نے مجھے بلایا ہے حالانکہ مجھے کوئی نوٹس نہیں ملا۔ زمین میری ہے میں بیچوں یا نہیں تم مامے لگتے ہو اور جسے زمین بیچی اس کا چیک بھی باؤنس ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کسی مسٹر ایکس، وائی، زیڈ کو نہیں جانتے، ہمارا کام شفاف الیکشن کرانا ہے، ترجمان الیکشن کمیشن

شیخ رشید احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا کوئی تبدیلیاں نہیں کرنا اور میری کابینہ میں کبھی اے این ایف کا کیس ڈسکس نہیں ہوا۔ مجھے نوٹس دیں میں حاضر ہو جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ 45 دن کے اندر قوم کو سب کچھ پتہ چل جائے گا۔ شیر علی کے بیان کی ویڈیو ڈی جی آئی ایس آئی سمیت سب کو بھیجی ہے اور مجھے معلوم ہے رانا ثنا اللہ نے مجھے گرفتار کرنا ہے اگر مجھے گرفتار کرنا ہے تو کر لیں لیکن اس کا صلہ ضرور ملے گا۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اپنی وزارت میں کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا اور اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو عمران خان کال دیں گے۔ عمران خان نے بڑی محنت کی ہے اور جو ہو گیا ہو گیا ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے نہیں لڑنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں