عمران خان پر آرٹیکل 6 لگانے کی جرات کسی کا باپ بھی نہیں کر سکتا، شیخ رشید


لاہور: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان پر آرٹیکل 6 لگانے کی جرات کسی کا باپ بھی نہیں کر سکتا۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں 50 سال سے سیاست میں ہوں۔ یہاں لوگوں کی توہین کرنے کے لیے اپنے دوست کو 19 سے 20 گریڈ میں ترقی دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر آرٹیکل 6 لگانے کی جرات کسی کا باپ بھی نہیں کر سکتا اور اسحاق ڈار باہر سے ابھی تک کیوں نہیں آیا ؟ جبکہ کابینہ میں شامل 60 فیصد لوگ تو ضمانتوں پر ہیں۔ انہوں نے ووٹ کو نہیں لوٹے کو عزت دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے فیصلے سے تکلیف ہوئی، یہ کوشش کررہے ہیں ہمیں غدار ثابت کیا جائے، عمران خان

شیخ رشید احمد نے کہا کہ قوم جاگ رہی ہے اور اب شفاف الیکشن ہونے دیا جائے لیکن اگر دھاندلی ہوئی تو اس کا سب سے زیادہ نقصان اسٹیبلشمنٹ کو ہو گا اور عمران خان نے کال دی تو اس کا نتیجہ کسی کے لیے بھی اچھا نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے لانگ مارچ کا جو وقت دیا تھا اس پر وہاں پہنچا تھا۔ میری سیکیورٹی انہوں نے واپس لے لی ہے اور اگر مجھے گرفتار کرنا ہے تو پولیس والے یونیفارم میں آئیں۔

اس سے قبل سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ میں ہمت ہے تو آرٹیکل 6 لگا کر دکھائیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئین سے کھلواڑ کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگے گا، یہ پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے عدالت پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جس دن شہباز شریف نے سچ بولا وہ ان کی سیاست کا آخری دن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور والوں نے پرسوں صحیح فیصلہ دیا تو یہ سب دھرے رہ جائیں گے اور آرٹیکل 6 تو کیا اس کے قریب بھی بات بھی نہیں جائے گی۔ رانا ثنا اللہ میں ہمت ہے تو آرٹیکل 6 لگا کے دکھائیں۔

پیٹرول پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے 13 روپے پیٹرول بڑھایا ہے۔


متعلقہ خبریں