نوازشریف کی اضافی سیکیورٹی: لاہور ہائی کورٹ نے درخواست نمٹا دی


لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو سیکیورٹی اور پروٹوکول دینے کے خلاف درخواست نمٹا دی۔

تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے درخواست دائرکی تھی کہ حکومت سابق وزیراعظم نوازشریف کو احتساب عدالت میں پیشی اور دیگر مواقع پرضرورت سے زیادہ سیکیورٹی اور پروٹوکول دے رہی ہے جبکہ سپریم کورٹ اس بارے میں واضح حکم دے چکی ہے کہ کسی سیاسی رہنما کو اضافی سیکیورٹی فراہم نہ کی جائے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ حکومت ان اقدامات کے ذریعے نہ صرف اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے بلکہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی مرتکب بھی ہو رہی ہے، درخواست میں نوازشریف کو پروٹوکول اوراضافی سکیورٹی دینے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا۔

عندلیب عباس کی درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کی، وفاقی حکومت کے وکیل نےعدالت کو بتایا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ان کے استحقاق کے مطابق سیکیورٹی دی جا رہی ہے جس پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔


متعلقہ خبریں