گال ٹیسٹ: پہلے روز کا اختتام، سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں پاکستان کی دو وکٹیں گر گئیں


گال: پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر سری لنکن ٹیم 222 رنز کے جواب میں پاکستان کی ابتدائی دو وکٹیں گر گئیں۔

قومی ٹیم کے سلامی بیٹرز عبداللہ شفیق اور امام الحق 13 اور دو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کھیل کے اختتام پر قومی ٹیم نے 24 رنز بنا رکھے تھے جب کہ کپتان بابراعظم 1 اور اظہر علی تین رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کو سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 198 رنز درکار ہیں جب کہ اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

اس سے پہلے سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ شاہین آفریدی نے حاصل کی اور اوپنر بلے باز کپتان دیمتھ کرونا رتنے کو بولڈ کر دیا۔ وہ ایک رن ہی بنا سکے۔

سری لنکا کے دوسرے کھلاڑی اوشادہ فرنینڈو 35 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 49 گیندیں کھیلیں اور 5 چوکے لگائے جبکہ آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی کوشال مینڈس 21 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت تک سری لنکا کی ٹیم مجموعی طور پر 60 رنز ہی بنا سکی تھی۔

سری لنکا کے چوتھے کھلاڑی اینجلو میتھیوز بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلیئن لوٹ گئے۔ انہیں بھی یاسر شاہ نے آؤٹ کیا۔ پانچویں کھلاڑی دھانجا ڈی سلوا کو شاہین آفریدی نے 14 رنز بنانے کے بعد کلین بولڈ کر دیا۔

میزبان ٹیم کی چھٹی وکٹ 103 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب شاہین آفریدی نے ہی ڈک ویلا کو آؤٹ کر دیا۔ ڈک ویلا 4 بالز پر 4 رنز ہی بنا سکے تھے۔ ساتویں وکٹ بھی یاسر شاہ نے حاصل کی جب انہوں نے رمیش مینڈس کو ان کے 11 رنز پر آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی آٹھویں وکٹ پراباتھ جے سوریا کی گری وہ محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ دنیش چندیمل نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور بالآخر وہ 83 بالز پر نصف سینچری کرنے میں کامیاب رہے۔ دنیش چندیمل نے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے اور حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کے آخری کھلاڑی مہیش ٹھیکشانا اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

پہلی اننگز میں سب سے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ شاہین شاہ آفریدی نے کہا انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ یاسر شاہ اور حسن علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے آغاز سے قبل سری لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے کوشش ہو گی پہلی اننگز میں بڑا اسکور بنائیں اور پاکستانی ٹیم کو پریشر میں لائیں۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے آل راؤنڈر سلمان علی آغا ڈیبیو کررہے ہیں جبکہ محمد نواز اور یاسر شاہ کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں