نگراں وزیراعظم پر ن لیگ اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی، پیپلزپارٹی


اسلام آباد: پیپلزپارٹی نے ن لیگ پر الزام عائد کیا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے معاملے پر ن لیگ اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں پیپلز پارٹی نے نگراں وزیراعظم سے متعلق ن لیگ کے رویے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ، نوید قمر، سینیٹر شیری رحمان، فرحت اللہ بابر، نیئر بخاری، چوہدری منظور، اخوانزادہ چٹان سمیت دیگر رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی، خورشید شاہ نے بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ہونے والے ملاقاتوں سے متعلق آگاہ کیا۔

اجلاس کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اجلاس میں مختلف ملکی معاملات اور نگراں وزیراعظم کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی ہے، نگراں وزیراعظم کے حوالے سے کسی نام پر ابھی تک اتفاق نہیں ہوسکا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس نہ جائے اور اسے پارلیمان میں ہی حل کر لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو بھی اعتماد میں لیا گیا تھا تا ہم ن لیگ اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ گئی ہے، ہمیں وزیراعظم اور نواز شریف نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ہم اپوزیشن کی جانب سے پیش کیے گئے ہر نام کو تسلیم کریں گے۔

پارٹی اجلاس کے دورا ن آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے خورشید شاہ کو قومی اسمبلی سے فاٹا اصلاحات بل منظور کرانے پر مبارکباد بھی دی۔


متعلقہ خبریں