سب سے رابطے ہیں،کل اپنے پتے ضرور کھیلیں گے،کچھ پی ٹی آئی ارکان پرویز الہیٰ کو ووٹ نہیں دیں گے،رانا ثنااللہ


اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان خود اراکین کی خریدوفروخت میں ملوث ہیں۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاسی رابطے سب سے کر رہے ہیں اور امکان ہے کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ وزیر اعلیٰ کے لیے پرویز الہیٰ کو ووٹ نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 20 نشستوں پر انتخابات سے کسی جماعت کی مقبولیت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف دھمکی آمیز گفتگو کی جس کی مذمت کرتے ہیں اور الزامات لگانے سے ان کا سیاہ دھندہ چھپ نہیں سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی مینڈنٹ کو نقب لگانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی،چودھری پرویز الہیٰ

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کو معیاری گفتگو کا سلیقہ ہی نہیں آتا جبکہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں مثالی کردار ادا کیا اور ضمنی انتخابات میں تحفظات کے حوالے سے کسی نے بھی درخواست نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ انوکھا لاڈلہ جیت کر بھی خوش نہیں اور ہار کر بھی مطمئن نہیں۔ عمران خان کو دھمکی دینے اور الزام لگانے کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے وہ میرے خلاف سپریم کورٹ گئے لیکن ان کی درخواستیں نہیں سنی گئیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جلیل شرقپوری کس پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں اور غیاث الدین کس پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ؟

چیئرمین نیب سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے آفتاب سلطان کو نیا چیئرمین نیب لگانے کی منظوری دی اور امید ہے آفتاب سلطان نیب کو غیر جانبدار اور بہتر ادارہ بنائیں گے۔ آفتاب سلطان کا نام ہر حوالے سے معتبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کی صلاحیت نہیں رکھتے اور خریدوفروخت کا عمل ن لیگ نے پہلے کیا نہ اب کرے گی تاہم کل وزارت اعلیٰ کے انتخاب کے لیے اپنے پتے ضرور کھیلیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں امیدواروں کو شاید ہمارے کارکنان نے تسلیم نہیں کیا اور ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی مقبولیت والے بیانیے کی بات درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ دور ہوچکا ہے جبکہ ملک میں ڈیمانڈ اور سپلائی کا کوئی مسئلہ نہیں۔


متعلقہ خبریں