وزیر اعظم نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں نقصان کے تعین کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں نقصان کے تعین کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے دوران نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کمیٹی آئندہ 4 دن کے اندر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے۔

وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں میں نقصان کے تعین کے لیے وفاقی وزرا کی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں جامع پلان تشکیل دیا جائے گا۔ زخمیوں کی امداد کو 50 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ تک کیا جائے اور تمام متاثرہ مکانات کے لیے ایک جیسی امداد فراہم کی جائے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ جزوی طور پر متاثرہ مکانات کی امداد 25 ہزار سے بڑھا کر ڈھائی لاکھ کیا جائے اور مکمل طور پر متاثرہ گھروں کے لیے 50 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت قدرتی آفت کے اثرات سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومتوں کی بھرپور معاونت کرے گی اور پاکستان ہم سب کہ ذمہ داری ہے، باہمی معاونت سے متاثرہ لوگوں کی مدد کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیز، ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کی حکمت عملی پر عملدرآمد یقینی بنائیں، موسمیاتی تبدیلی موجودہ دور کی ایک حقیقت ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان سمیت پوری دنیا میں تباہی برپا رہے ہیں۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جمہوری نظام کے لیے تمام اداروں کا اپنی آئینی حدود میں کام کرنا ضروری ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ جمہوری نظام کے مؤثر انداز میں کام کرتے رہنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔

یہ بھی پڑھیں: وفاق وینٹی لیٹر پر ہے جب چاہیں سوئچ بند کردیں، فواد چودھری

انہوں نے کہا کہ کل قومی اسمبلی میں میری تقریر کا مقصد بھی اسی نکتے کو واضح کرنا تھا۔ اس بات کو سمجھے بغیر ہم صرف دائرے میں گھومتے رہیں گے اور کہیں نہیں پہنچ پائیں گے۔


متعلقہ خبریں