جماعت اسلامی کا بلدیاتی انتخابات کے بیلٹ پیپرز دوبارہ چھاپنے کا مطالبہ


کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے بلدیاتی انتخابات کے بیلٹ پیپرز دوبارہ چھاپنے کا مطالبہ کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات مؤخر کیے گئے ہیں لیکن تمام بیلٹ پیپرز آر او کے پاس جا چکے ہیں، اس لیے بیلٹ پیپرز کو اب دوبارہ سے چھاپا جائے۔

انہوں نے کہا این اے 245 کو بلدیاتی الیکشن سے ملا کر خراب کیا جا رہا ہے اور اگر الیکشن کمیشن کو بارش سے مسئلہ تھا تو پارٹیوں کو بلا کر کہتے کہ 31 تاریخ کو الیکشن کر لیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، تھانے میں درخواست جمع کرا دی،عمر ایوب

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو الزام تراشی پر ایک لیگل نوٹس دیا گیا ہے، الیکشن مؤخر کرنے کے سلسلے میں ہم پر کیسے کوئی الزام لگا سکتا ہے اور الیکشن کمیشن سے اگر غلطی ہوئی ہے تو وہ غیر مشروط معافی مانگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کی مدد کیا کرتے ہیں اور ہم نے بہت سی چیزوں کی اصلاح کرائی ہے، ہم نے تو اسے لکھا ہی نہیں کہ بلدیاتی الیکشن کو آگے کیا جائے۔ ہائی کورٹ نے تمام پارٹیوں کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن وقت پر ہوں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں التوا کا شکار الیکشن پہلے ہوں اور جس دن بھی بلدیاتی الیکشن ہوں ان ظالموں سے انتقام لیں۔ یہ سمجھتے ہیں ہم لسانی بنیادوں پر لوگوں کو بے وقوف بنا سکتے ہیں لیکن انہیں بتا دینا چاہیے کہ پیپلز پارٹی اب انہیں تباہ کرنے کا نہ سوچے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں پتا چلے کے لوگ غلام نہیں ان میں شعور پیدا ہو رہا ہے اور کوئی سیاسی پارٹی کراچی کے مسائل پر توجہ دینے کے لیے نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں