عدالت کا پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو رہا کرنے کا حکم


کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو عدالت نے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو آج صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے حلیم عادل شیخ کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے حلیم عادل شیخ کے خلاف مقدمہ خارج کر دیا اور حلیم عادل شیخ کو ضابطہ فوجداری کی  دفعہ 63 کے تحت رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت کے مطابق یہ کیس ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور ابھی تک یہ ثابت نہیں ہوتا کہ اس پراپرٹی سے ملزم کا کوئی تعلق ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو اینٹی کرپشن جامشورو نے گرفتار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فوری کیا جائے، وزیر داخلہ کا مطالبہ

حلیم عادل شیخ اینٹی کرپشن جامشورو میں دائر مقدمے کے حوالے سے پیش ہوئے تھے، ان کو جامشورو میں پیشی کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

حلیم عادل شیخ اینٹی کرپشن جامشورو میں اپنے مقدمے کی سماعت پر پہنچے تھے، اینٹی کرپشن ڈائریکٹر ذیشان میمن کی جانب سے حلیم عادل شیخ کو گرفتار کیا گیا تھا، گرفتاری کے بعد حلیم عادل شیخ کو نامعلوم جگہ پر منتقل کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اینٹی کرپشن حکام نے حلیم عادل شیخ کو گرفتار کیا تھا تاہم انہوں نے لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت کروالی تھی۔


متعلقہ خبریں