نگراں وزیراعظم کی نامزدگی میں تاخیر کی ذمہ دار حکومت ہے، شیری رحمان


اسلام آباد: سینیٹ میں قائد حزب اختلاف  شیری رحمان نے کہا ہے  کہ 70 برس بعد فاٹا میں تعزیرات پاکستان کا اطلاق ہو گا، فاٹا کےعوام نے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن کا کردارادا کیا، اب انہیں پاکستان کے باقی شہریوں جیسی سہولتیں بھی حاصل ہوں گی۔

اپنے چیمبرمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف سی آر کا خاتمہ پیپلز پارٹی کا دیرینہ مطالبہ تھا لیکن جے یو آئی ف اور پختونخوا میپ کی مخالفت کی وجہ سمجھ نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا معاملہ آئین کے تحت ہی ہونا چاہیے تاہم نامزدگی میں تاخیر یا تعطل حکومت کی وجہ سے ہے، ان کا کہنا تھا کہ جب تک جنوبی پنجاب صوبہ نہیں بن جاتا، مشن جاری رکھیں گے، ہمارا مقصد جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کام کرنا ہے۔

شیری رحمان نے نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم ابھی تک منی ٹریل دینے میں ناکام  رہے ہیں  اس لیے وضاحتوں کا بھی کوئی فائدہ نہیں، اصل مسئلہ یہ ہے کہ معاملات ان کی مرضی کے مطابق نہیں ہو رہے۔


متعلقہ خبریں