چوہدری نثار چار حلقوں سے انتخابات لڑیں گے


راولپنڈی: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق  وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے دو دو حلقوں سے انتخاب  لڑنے کا اعلان کر دیا  ہے۔

چکلالہ راولپنڈی میں ایک  فلاحی پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ وزارت داخلہ کی قیادت میں لڑی گئی ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ میں اس حلقے سے انتخاب نہیں لڑرہا، اس کے باوجود یہاں سے میرا رشتہ ہمیشہ قائم  رہے گا اور میں ہمیشہ آپ کا ساتھ دوں گا، میں نے اپنے حلقے میں گلی گلی لوگوں کی خدمت کی ہے، انہوں نے بتایا کہ بے حد قلیل وقت میں یہاں فیملی پارک، کرکٹ اسٹیڈیم، قبرستان اور جنازہ گاہ بنائی گئی ہے اور اسی منصوبے کے تحت اب 500  بیڈز کا بڑا اسپتال بھی بنائیں گے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں اس حلقے میں 17 ارب روپے کے ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں اور سب جانتے ہیں کہ اس حلقے میں کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں میں نے ترقیاتی کام نہ کرایا ہو۔

انہوں نے کہا ضروری نہیں کہ تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ہی کامیاب ہوں ۔

چوہدری نثار علی خان کے خطاب کے دوران بعض اہل علاقہ نے مظاہرہ بھی کیا، مظاہرین ہاتھوں میں بینرز اُٹھائے پانی کی کمی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرا رہے تھے۔


متعلقہ خبریں