انتخابی ضابطہ اخلاق: سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس طلب


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس 31 مئی 2018 کو دن 11 بجے طلب کر لیا ہے جس کا مقصد سیاسی جماعتوں، امیدواروں، الیکشن ایجنٹس اور پولنگ ایجنٹس کے لئے ضابطہ اخلاق پر مشاورت کرنا ہے۔

الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو خطوط بھیج  دیے ہیں جن کے ساتھ ضابطہ اخلاق کی کاپی بھی لگائی گئی ہے، خطوط انتخابات ایکٹ 2017 کی دفعہ 233 کی ذیلی دفعہ (1) کے تحت بھیجے گئے ہیں تاکہ موجودہ اسمبلیوں کے آخری دن ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دی جا سکے۔

انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی مہم کے دوران مذہبی منافرت پھیلانے اور اسلحہ کی نمائش پرپابندی ہوگی، انتخابات کے دوران کسی کی ذات کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا اورانتخابی اخراجات کی حد کو سختی سے مانیٹر کیا جائے گا۔

چند روز قبل الیکشن کمشنر (ر) جسٹس سردار محمد رضا نے اعلان کیا تھا کہ ضلعی کوآرڈینیشن افسران،  ڈپٹی کمشنرزاورقبائلی علاقوں میں پولیٹیکل ایجنٹس کو ضلعی مانیٹرنگ افسران تعینات کیا جائے گا تا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نظر رکھی جاسکے۔


متعلقہ خبریں