ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، میاں صاحب بتائیں کس کے ساتھ ہیں، زرداری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق صدرآصف زرداری نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے لیے ججز کے بجائے ہم  نے ایک بزنس مین اور ایک بیوروکریٹ کا نام دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو ہٹانا ہمارے لیے بہت ضروری تھا اس لئے ہم نے اسے دودھ سے مکھی کی طرح نکال دیا، تمام مسائل کا حل صرف سیاست میں ہی ہے، سیاسی طاقتیں اور جمہوریت ہی دہشت گردی کا علاج ہیں۔

فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر شہید کی سوچ تھی، بےنظیربھٹو تو یہ معاملہ عدالت لے کر گئی تھیں جبکہ بھٹو صاحب نے کہا تھا کہ دس سال کے اندر فاٹا کا انضمام صوبے کےساتھ کر دوں گا، آج ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر کا خواب پورا ہونے  جا رہا  ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ فاٹا انضمام کا معاملہ مزید آگے بڑھے گا، یہاں کے لوگوں کو اپنی شناخت چاہئے تھی، فاٹا انضمام کی مخالفت چند لوگ اپنےایجنڈے کی وجہ سے کرتے آئے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف ڈبل گیم کھیلتے ہیں، وہ کہتے کچھ  ہیں اور کرتے کچھ  اور ہیں، میاں صاحب پہلے بھی گیمز کھیل رہے تھے، آج بھی کھیل رہے ہیں، ہم اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ  نہیں پاکستان کے ساتھ ہیں میاں صاحب بتائیں کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہیں یا کسی اور کے ساتھ۔

عمران خان کے بارے میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ قادری صاحب کے کندھے کے بغیر وہ دھرنے نہیں دے سکتے تھے۔


متعلقہ خبریں