لاہور کے شاہی قلعے میں چوبداروں کی واپسی ہو گئی


لاہور: لاہور کے شاہی قلعے میں چوبداروں کی واپسی ہو گئی۔ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی نے قلعہ کے مختلف دیوان پر چوبدار مقرر کر دیئے۔

لاہور کے شاہی قلعے میں مغل، سکھ اور انگریز دور کے لباس میں چوبدار تعینات کیے گئے ہیں اور صدیوں پہلے لاہور کے شاہی قلعے میں گونجنے والی چوب داروں کی یہ باادب باملاحظہ کی آوازیں اک بار پھر سے سنائی دیں گی۔

والڈ سٹی لاہور اتھارٹی نے سیاحوں کو شاہی قلعہ کی تاریخ سے روشناس کرانے کے لیے مختلف عہد کے چوبدار دوبارہ تعینات کر دیئے ہیں۔

دروازہ کھلتا ہے، چوب دار 3 مرتبہ فرش پر اپنی لاٹھی سے آواز پیدا کرتا اور اعلان کرتا کہ باادب با ملاحظہ، ہوشیار، نظریں روبرو، شہنشاہِ عالم تشریف لارہے ہیں تو کہتے ہیں کہ اسی وقت دیوان عام اور دیوان خاص میں موجود تمام وزرا اور مشیروں سمیت رعایہ اپنے سر ادب سے جھکا لیتے تھے۔

آج اسی روایت کو دوبارہ زندہ کرنے اور سیاحوں کو تاریخ سے روشناس کرانے کے لیے والڈ سٹی لاہور اتھارٹی نے اسی طرح کا لباس پہنے چوبداروں کو شاہی قلعہ میں تعینات کردیا ہے لیکن فرق صرف یہ ہے کہ تب ان چوبداروں کی آواز پر سب کے سر جھک جاتے تھے لیکن آج انہیں بچے اور بڑے دیکھ کر خوب محظوظ ہو رہے ہیں۔

شاہی قلعہ آنے والے سیاح مخصوص لباس پہنے ان چوبداروں کے ساتھ سیلفیاں اور تصاویر بنوا رہے ہیں۔

ہاتھ میں لاٹھی پکڑے اور رنگ برنگے کپڑے پہنے سر پر شاہی ٹوپی لیے چوبدار مغل سلطنت کی یاد دلاتے ہیں۔

کھسےاور گرین اور بلیو رنگ کا لباس پہنے راجہ رنجیت سنگھ اور سرخ شرٹ اور نیلی پینٹ پہنے اور ہاتھ رائفل پکڑے جوبدار انگریز راج کی یاد دلاتے ہیں۔

ان چوبداروں کودیوان خاص اور دیوان عام سمیت قلعے میں قائم انگریز دور کی تعمیرات پر ان کے ادوار کی مناسبت سے تعینات کیا گیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں شاہی قلعہ میں آکر بہت اچھا محسوس ہوا اور خاص طور پر جب ان چوبداروں کو مخصوص لباس اور مختلف ہتھیار پکڑے دیکھا تو تاریخی ادوار کی یاد تازہ ہو گئی۔

انچارج شاہی قلعہ احسن خالد نے کہا کہ چوبداروں کو شاہی قلعہ میں تعینات کرنے کا مقصد لاہور کے کلچر کو اجاگر کرنا ہے اور والڈ سٹی لاہور اتھارٹی وقتا فوقتا تاریخی روایات کو تازہ کرنے کے لیے ایسے اقدامات کرتی رہتی ہے۔


متعلقہ خبریں