کھلاڑی پرعزم میدان میں اتریں، ٹیم کا اعلان کوچ اور کپتان کی مشاورت سے کیا، چیف سلیکٹر


چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ بورڈ محمد وسیم کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو پرعزم ہوکر میدان میں اترنا چاہیے، بابراعظم اچھے کپتان ثابت ہورہے ہیں، ہمیں نئے کھلاڑیوں کو آنے کا موقع دینا چاہیے۔

لاہور میں پریس کانفرنس میں محمد وسیم نے کہا کہ ٹیم کا اعلان کوچ اور کپتان کی مشاورت سے کیا گیا ہے، ہم نے کنڈیشن کے حساب سے پلیئرز کا انتخاب کیا ہے،  وائٹ بال کرکٹ ٹیم میں ہماری کارکردگی اچھی رہی ہے، نیدر لینڈ سیریز کے لیے منتخب کیے گئے کھلاڑی زیادہ تر نوجوان ہے، اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کرسکتے ، ہمارے کئی کھلاڑیوں نے ابھی تک 100 میچ بھی پورے نہیں کھیلے ہیں، اسکواڈ میں ایسے کھلاڑی بھی ہیں جن کا نیدرلینڈ میں ڈبیو ہوسکتا ہے۔

چیف سلیکٹر نے بالنگ سیلیکشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ حسن علی بہترین کھلاڑی ہیں اور بہت سے میچ جتوا چکے ہیں، لیکن کئی مرتبہ کھلاڑیوں کو آرام دینا ان کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے، امید ہے حسن علی آرام کے بعد بہترین کم بیک کریں گے، نسیم شاہ نے ریڈ اور وائٹ بال میں اچھی باؤلنگ کی، اس لیے اس وقت نسیم شاہ ہمارے پاس سب سے اچھی آپشن تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ایشیا کپ اور دورہ نیدر لینڈز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان

شاداب خان ہماری ٹیم میں آل راونڈر کے طور پر کھیل رہے ہیں، فہیم اشرف اچھے کھلاڑی ہیں لیکن کنڈیشن کے حساب سے وہ فٹ نہیں ہوتے۔

واضح رہے پی سی بی نے دورہ نیدرلینڈز اور اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔

نیدرلینڈز کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے لیے 16 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے لیے 15 کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا۔

حسن علی کو دونوں ٹورز سے آرام دیا گیا ہے۔ نسیم شاہ کو قومی اسکواڈز میں شامل کرلیا گیا ہے۔ کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، فخر زمان اور حارث رؤف قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل ہیں۔

امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان اور محمد وسیم جونیئر بھی دورہ نیدرلینڈز کا حصہ ہوں گے۔نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود بھی قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ کی قیادت بھی بابر اعظم کریں گے۔نائب کپتان شاداب خان، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف اور افتخار احمد قومی ٹی ٹونٹی اسکوآڈ کا حصہ ہوں گے۔

خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر اور نسیم شاہ بھی قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل ہیں۔شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر بھی ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ  کا حصہ ہیں۔

منصور رانا ٹیم منیجر، ثقلین مشتاق ہیڈ کوچ، محمد یوسف بیٹنگ کوچ اور شان ٹیٹ باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔فیلڈنگ کوچ عبدالمجید، اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ شاہد اسلم، میڈیا اینڈ ڈیجیٹل منیجر ابراہیم بادیس اور ٹرینر ڈریکس سائمن بھی اسپورٹ اسٹاف کا حصہ ہیں۔

فزیو تھراپسٹ کلف ڈیکن، ٹیم اینالسٹ طلحہ اعجاز، مساجر ملنگ علی اور ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔کرنل (ر) آصف محمود دورہ نیدرلینڈز جبکہ کرنل (ر)محمد عمران اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں ٹیم کے سیکیورٹی منیجر ہوں گے۔


متعلقہ خبریں