صدر مملکت، وزیر اعظم، وزیر خارجہ سمیت دیگر کی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ کو مبارکباد


اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی۔ 

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ کو کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوح دستگیر بٹ نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے آپ مستقبل میں بھی نمایاں کارکردگی جاری رکھیں گے اور کھیل کے میدان میں پاکستانی نوجوانوں کی مزید حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ “ویل ڈن بٹ صاحب”

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دولت مشترکہ کھیلوں میں نیا ریکارڈ قائم کرنے پر نوح دستگیر بٹ کو مبارک باد دی اور جوڈو کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ لینے والے شاہ حسین شاہ کو بھی مبارک باد پیش کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوح دستگیر بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں وزن اٹھانے کے مقابلوں میں طلائی تمغہ لے کر ملک کا نام روشن کیا۔ شاہ حسین شاہ اور نوح دستگیر بٹ جیسے جوان پاکستان کا اصل چہرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے پاکستان کے کھلاڑی عالمی مقابلوں میں اپنی کامیابیوں کا یہ تسلسل جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے پر محمد نوح دستگیر بٹ کو مبارک باد دیتے ہوئے ہوئے کہا کہ محمد نوح دستگیر بٹ نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا کہ محمد نوح دستگیر بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا میڈل جیت کر پاکستان کا پرچم بلند کیا اور قوم کو ملک کا نام روشن کرنے والے محمد نوح دستگیر بٹ کی کارکردگی پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نوح دستگیر بٹ کی مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے دعا گو ہوں۔

واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے نوح دستگیر بٹ نے ویٹ لیفٹنگ میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے، محمد نوح دستگیر بٹ نے 405 کلو وزن اٹھا کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔


متعلقہ خبریں