یوم استحصال پر اسلام آباد کی فضائیں کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھیں


یوم استحصال پراسلام آباد کی فضائیں کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھیں، بھارت کے مقبوضہ وادی میں 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدام کےخلاف وزارت خارجہ سے پارلیمنٹ ہائوس تک ریلی نکالی گئی۔

وفاقی وزیر خواجہ آصف مشیرامورکشمیرقمرزمان کائرہ اورسیکرٹری خارجہ نے ریلی میں شرکت کی، ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرکی حیثیت یکطرفہ بدلے جانے کے 3 برس مکمل ہونے پر ملک بھرمیں یوم استحصال منایا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں وزارت خارجہ سے پارلیمنٹ تک مرکزی ریلی نکالی گئی۔

ریلی کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، کشمیریوں کی آزادی کےلیے خصوصی دعا کی گئی، ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ معروف گلوکار زوہیب ضیاء نے کشمیر پرخصوصی ملی نغمہ جلتا ہے کشمیر پیش کیا۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کی قیادت میں ریلی شاہراہ دستور سے ہوتی ہوئی پارلیمنٹ ہائوس پہنچی، وزارت خارجہ کے افسران سفارتکارملازمین اورسول سوسائٹی کے ارکان ریلی کا حصہ تھے۔

ریلی کے شرکا نے پاکستان اورکشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے، کشمیریوں کے حق میں اور بھارت کےخلاف نعرے بازی بھی کی۔

پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے ریلی پہنچنے پروفاقی وزیردفاع خواجہ آصف اورمشیر پارلیمانی امورقمرزمان کائرہ بھی ریلی میں شریک ہوگئے۔ خواجہ آصف اور قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ بھارتی ظلم کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔

سیکرٹری خارجہ نے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے وزیردفاع خواجہ آصف اور مشیرامورکشمیرقمرزمان کائرہ کو وزارت خارجہ کی جانب سے خصوصی یادگاری شیلڈز پیش کیں۔


متعلقہ خبریں