تھائی لینڈ کے نائٹ کلب میں آتشزدگی، 13 افراد ہلاک


بنکاک: تھائی لینڈ کے ایک نائٹ کلب میں آتشزدگی کے باعث 13 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ کے جنوب مشرقی صوبے چھونبوری میں رات گئے کلب ماؤنٹین بی نائٹ اسپاٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس نے کلب کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کلب کی دیواروں پر آتش گیر فوم لگے ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی جس کی وجہ سے کئی لوگوں کو جان بچانے کا موقع نہ مل سکا۔

شراب کے نشے میں دھت اور رقص و موسیقی کے شور کے باعث متعدد لوگوں کو شروع میں پتہ ہی نہ چلا کہ کیا ہوا ہے اور جب صورتحال کی سنگینی کا معلوم ہوا تو اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی اور آگ نے باہر نکلنے کے رستے بند کر دیئے تھے۔

انٹرنیٹ پر واقعے کی ویڈیوز سامنے آئیں جس میں لوگ چیختے چلاتے کلب سے باہر بھاگ رہے ہیں اور ان کے کپڑوں میں آگ لگی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی اور 2 گھنٹے میں آگ پر قابو پایا۔

ہلاک ہونے والوں میں 4 خواتین اور 9 مرد شامل ہیں جن کی لاشیں دروازے، بیت الخلا اور ڈی جے بوتھ کے پاس سے ملیں۔ ہلاک ہونے والے سب لوگ مقامی شہری ہی تھے۔

پولیس نے آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تھائی وزیراعظم جنرل برایوت چن اوچا نے ملک بھر میں کلبز کے مالکان سے کہا ہے کہ اپنے ہاں ہنگامی اخراج کے رستے بنائیں۔


متعلقہ خبریں