صدر مملکت عارف علوی کی سوشل میڈیا پر نفرت انگیز ٹویٹس کی شدید مذمت

عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز ٹویٹس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ شہیدوں کے جنازے میں ان کی عدم شرکت پر غیر ضروری تنازعہ کھڑا کیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ تنازعہ کھڑا کرنے والے نہ تو ہماری ثقافت اور نہ ہی ہمارے مذہب سے واقف ہیں ۔ جن لوگوں نے وطن کی خاطر جان قربان کی ہم ان کی توہین کیسے کر سکتے ہیں ۔۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستانیوں کی طرح میں بھی ساری زندگی شہدا کا معترف رہا ہوں۔جب سے پاکستانی عوام نے مجھے اس ایوان کی ذمے داری سونپی ہے تب سے میں سینکڑوں شہداء کے لواحقین سے بات کرچکا ہوں، جنازوں میں بھی شرکت کی اور خاندانوں سے ملاقات کی۔میں قوم کی جانب سے ایسا کرنا اپنا فرض سمجھتا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ خاندانوں کو قربانیوں پر فخر ہے مگر ہمیں اس دنیا میں اُنکے غم اور شدید ذاتی نقصان کا احساس ہے۔ان خاندانوں کے ساتھ تعزیت کرنا خاص طور پر مشکل ہے جنہوں نے ورثا میں کم عمر بچے چھوڑے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ جب شہداء کے گھر والے روئے تو میں بھی رویا۔میرے ذہن میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ان کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہی محفوظ ہے۔میرے لیے پاکستان کی یہی بات قابل فخر ہے۔


متعلقہ خبریں