اسد درانی کتاب پر وضاحت کے لئے پیر کو جی ایچ کیو طلب


راولپنڈی: پاکستانی خفیہ ایجنسی انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق ڈائریکٹرجنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کی حالیہ کتاب پر پاک فوج نے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

عسکری ذرائع کے مطابق پاک فوج کا کہنا ہے کہ کتاب میں بہت سے موضوعات حقائق کے برعکس بیان کئے گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کو اپنے بیانات پر پوزیشن واضح کرنے کے لئے جی ایچ کیو طلب کیا جا رہا ہے، انہیں ملٹری کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر بھی اپنی پوزیشن واضح کرنا ہو گی۔

عسکری ذرائع نے کہا ہے کہ یہ ایک بروقت اور زبردست قدم اٹھایا گیا ہے کیونکہ کوئی بھی ملک اور قانون سے بالاتر نہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کو وضاحت کے لئے 28 مئی کو جی ایچ کیو طلب کر لیا گیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی اور بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ  دلت کی مشترکہ تصنیف ‘دی اسپائے کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوژن آف پیس’ پچھلے دنوں مارکیٹ میں آئی ہے جس میں بہت سے متنازع موضوعات پر بات کی گئی ہے۔

کتاب میں جو موضوعات زیر بحث آئے ہیں ان میں کارگل آپریشن، ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری، حافظ سعید، کشمیر، برہان وانی وغیرہ شامل ہیں۔

 

 

 


متعلقہ خبریں