’’ادارے ہماری جان ہیں ، بیوروکریسی کے بارے بات کی’’ شہباز گل دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

شہباز گل مکمل طور پر فٹ اور ہوش میں ہیں، نئی میڈیکل رپورٹ جاری

اسلام آباد کی عدالت نے بغاوت پراکسانے کے مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، پولیس نے شہبازگل کا فون اور لکھی ہوئی تحریر برآمد کرنے کےلیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی،شہبازگل کہتے ہیں ادارے ہماری جان ہیں،کبھی ان کےخلاف بات نہیں کی،کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی،بیوروکریسی کے افسران کے بارے میں بات کی تھی۔

تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو گزشتہ روزاسلام آباد سے  گرفتار کیاگیاتھا، تھانہ کوہسار پولیس نے آج انہیں ڈیوٹی مجسٹریٹ ویسٹ کے سامنے پیش کیا اور ان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

پولیس کی جانب  سے موقف اختیار کیا گیا کہ شہباز گل سے اسکا موبائل فون اور جس پیپر سے دیکھ کر وہ بول رہے تھے وہ برآمد کرنا ہے اور اس بارے میں تفتیش کرنی ہے کہ پروگرام کس کے کہنے پر ہوا۔

شہباز گل کے وکیل کی جانب  سے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی گئی اور موقف اپنایا گیا کہ پروگرام کسی کے کہنے پر نہیں کیا گیا۔

عدالت نے شہبازگل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرتے ہوئے تھانہ کوہسار پولیس کو انہیں جمعہ کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

2 صفحات پرمشتمل تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈکے مطابق شہباز گل کے خلاف الزامات پر ریمانڈ ضروری ہے،ان کا طبی معائنہ اور ووکل ٹیسٹ کروایا جائے۔

میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ انہوں نے کبھی اداروں کے خلاف بات نہیں کی، ان کے بیان میں ایسا کچھ غلط نہیں جس پر شرمندگی ہو، ان کا بیان ایک محبت وطن کا بیان ہے،فوج سے پیار کرنے والے کا بیان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز گل گرفتار،بغاوت سمیت دس دفعات کے تحت مقدمہ درج

شہباز گل نے کہا کہ انہوں نے کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی، انہوں نے سٹریٹجک میڈیا سیل کے افسران کو کہا اور بیوروکریسی کے افسران کے بارے میں بات کی۔

شہباز گل کے وکیل فیصل چودھری نے میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہاکہ نہیں پتہ شہباز گل کو کہاں سے لے کر آئے ہیں،  ان کا میڈیکل کرایا جائے،انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہبازگل کے کپڑوں پر خون کے دھبے ہیں۔

فیصل چودھری نے کہا کہ ہم نے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی ہے، تھانہ بنی گالہ میں ہماری درخواست کوئی نہیں سن رہا۔

شہباز گل کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

شہباز گل پرتھانہ کوہسار میں ضلعی انتظامیہ کی مدعیت میں بغاوت سمیت دس دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں شہباز گل پر فوج کے خلاف اکسانے کا الزام اور  نجی ٹی وی چینل پر کی گئی گفتگو کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

متن کے مطابق ملزم نے سوچ سمجھ کر ملکی سالمیت کو نقصان پہچانے کیلئے بیان دیا اور وہ ایسا بیان دے کر ملک دشمن ایجنڈے کی تکمیل اور مجرمانہ سازش کا مرتکب ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں