ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے بارش،اربن فلڈنگ کا خدشہ


اسلام آباد ، پنجاب ، خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں آج سے تیرہ اگست تک بارشیں ہوں گی۔ کراچی میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے۔ کل سے بادل جم کر برسیں گے۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آج سے بارشوں کی  پیش گوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دس سے بارہ اگست تک اسلام آباد ، لاہور ، گوجرانوالہ ، پشاور سمیت کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سےکشمیر ، بلوچستان ، ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کی وارننگ دی گئی ہے۔ بارشوں سے کشمیر، خیبرپختونخوا  کے پہاڑی علاقوں گلیات ، مری ، چلاس ، گلگت ، ہنزہ ، استور اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

کراچی میں بھی کل  سے موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے گیارہ سے تیرہ اگست تک کراچی ، حیدر آباد اور سکھر سمیت سندھ میں بھی موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

بارش سے کراچی کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق اندرون سندھ بارشوں سے ٹھٹھہ ، بدین ، دادو، جام شورو ، لاڑکانہ ، شہید بینظیرآباد اور میرپور خاص میں نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔

گزشتہ روزملک کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد گرمی کم ہوگئی۔مورو میں تیز بارش ہوئی۔ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔نصیر آباد ڈیرہ مراد جمالی اورگردونواح میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

قاضی احمد میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ ہرنائی وگردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ ندی نالوں میں سیلابی ریلے آنے کا خدشہ ہے۔

حب شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، سیہون شریف میں موسلادھار بارش کے باعث مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔


متعلقہ خبریں