شہباز گل کیخلاف بغاوت کا مقدمہ:4رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل


اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کیخلاف بغاوت کے  مقدمہ  کی تحقیقات کے لیے4رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔

وزارت داخلہ کی ہدایت پر شہباز گل کے خلاف بغاوت کے مقدمے کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق  تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹیگیشن کریں گے۔ایس پی سٹی ،ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوتھانہ کوہسار ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

تحقیقاتی ٹیم براہ راست ڈی آئی جی آپریشنز کو رپورٹ کرے گی ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شہباز گل کو اسلام آباد میں بنی گالا چوک سے گرفتار کیا گیا تھا۔شہباز گل پرتھانہ کوہسار میں ضلعی انتظامیہ کی مدعیت میں بغاوت سمیت دس دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں شہباز گل پر فوج کے خلاف اکسانے کا الزام اور  نجی ٹی وی چینل پر کی گئی گفتگو کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

متن کے مطابق ملزم نے سوچ سمجھ کر ملکی سالمیت کو نقصان پہچانے کیلئے بیان دیا اور وہ ایسا بیان دے کر ملک دشمن ایجنڈے کی تکمیل اور مجرمانہ سازش کا مرتکب ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں