پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا اہم کردار ہے، صدر،وزیراعظم


اقلیتوں کےقومی دن پروزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کو کلیدی کردار پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آئین میں مذہبی آزادی اور اقلیتوں کی املاک کی تکریم کو قانونی شکل دی گئی ہے، اقلیتی برادری رواداری ، باہمی اتفاق کی فضا کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کرتی رہے ، اسلام امن اور رواداری کا مذہب ہے، قرآن پاک کے مطابق دین کے معاملے میں کوئی جبر نہیں ہے، ان اسباب کاخاتمہ کرنا ہےجوسماجی ومذہبی استحصال کاباعث بن سکتےہیں، اقلیتوں کویکساں تعلیم وترقی کےمواقع فراہم کرنےکےاقدامات کیےگئے۔

صدر مملکت عارف علوی نے بھی اقلیتوں کے دن پر خصوصی پیغام جاری کیا، انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے ملکی ترقی میں بہترین کردار ادا کیا ہے، آج اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، یہ دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناح ؒکے وعدے کی یاد دلاتا ہے، قائداعظم کے مطابق ہر فرد کو مساوی حقوق اور آزادی حاصل ہوگی، پاکستان میں اقلیتیں زندگی کے تمام شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔

اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیتا ہے، وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کی نمائندگی ہے، اقلیتوں کیلئے سرکار میں ملازمت کا کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے۔

یاد رہے 11اگست پاکستان میں ’’یوم اقلیت‘‘  کی حیثیت سے منایا جاتا ہے، گیلانی حکومت میں اس نوع کا فیصلہ ہوا تھا کہ پاکستانی اقلیتوں کیلئے بھی ایک دن ہونا چاہئے سو جناح صاحب کی اقلیتوں کیلئے معروف تقریر جو انہوں نے پہلی دستور ساز اسمبلی کے اولین اجلاس میں کی تھی، کی مناسبت سے یہ طے کیا گیا کہ آئندہ یہ دن پاکستان میں ’’یومِ اقلیت‘‘ کی حیثیت سے منایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں