قانون کا پھندا عمران خان کے گلے میں آنے والا ہے، شرجیل میمن


کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عمران خان سے جو سوال کیے جائیں ان کے جوابات بھی دیں۔ قانون کا پھندا بہت جلد عمران خان کے گلے میں آنے والا ہے۔

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان عوامی نمائندہ ہوتا ہے اور انہیں ہر سوال کا جواب دینا ہوتا ہے۔ عمران خان اب عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے ہیں وہ کیا آسمان سے اترے ہوئے ہیں ؟

انہوں نے کہا کہ قانون کا پھندا بہت جلد عمران خان کے گلے میں آنے والا ہے اور عوام عمران خان کے عزائم پورے نہیں ہونے دیں گے۔ عمران خان نے تحفے میں ملی گھڑیوں کو بیچا، خیبرپختونخوا عمران خان کے ہاتھوں سے نکل رہا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان مسلسل ملکی اداروں کے خلاف بیانات دے رہے ہیں اور انہوں نے کہا کہ ایک اور سازش ہو رہی ہے کہ طالبان خیبر پختونخوا میں متحرک ہو گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں حکومت کس کی ہے؟ دہشتگرد آئے اور چھڑا کے چلے گئے، ملک کے ساتھ سازش میں عمران خان اور ان کے کارکنان شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان گرفتار ہوں گے تو قوم کچھ نہیں کرے گی جبکہ توشہ خانہ کی اشیا کو من پسند رقم پر بیچنے سے عمران خان پر نیب کا کیس کیوں نہیں بنتا ؟ گزشتہ روز عمران خان کی پریس کانفرنس میں باڈی لینگویج مختلف تھی اور عمران خان اب عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایڈمنسٹریٹر کراچی کو برطرف کیا جائے، حافظ نعیم الرحمان کا مطالبہ

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان پی ٹی آئی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیں۔ شہباز گِل نے اداروں کے خلاف بے بنیاد بیان دیا۔ پرویز الہٰی کو عمران خان نے وزیر اعلی بنایا اور انہوں نے بھی کہا شہباز گل کوایسا بیان نہیں دینا چاہیے۔

شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کینسر اسپتال کے چیرٹی کے پیسے اہلیہ جمائما کے نام پر منتقل کرتے رہے اور اب چندے کی رقم سے سیاسی سرگرمیاں ہو رہی ہیں،عمران خان کو بھارت اور اسرائیلی لابیوں کی جانب سے سپورٹ مل رہی ہے۔


متعلقہ خبریں