نواز شریف کو لا کر الیکشن جیتنے، ہم کو ٹھکانے لگانے کا پلان بنایا گیا ہے، عمران خان


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو لا کر الیکشن جیتنے، ہم کو ٹھکانے لگانے کا پلان بنایا گیا ہے، مجھے کمزور کر کے نواز شریف کو واپس لانے کا منصوبہ بن چکا ہے۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے پیسہ امریکی ایجنڈے پر کام کرنے کیلئے ملے گا ، کہا جا رہا ہے افغانستان پر ڈرون حملہ پاکستان سے ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ سچ ہے تو کیا ہم نے قومی سلامتی پر سمجھوتہ کرنا شروع کر دیا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں آج بھی ہمارے جوان قربانیاں دے رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ہے، کہیں حکومت کی کارکردگی نظر نہیں آ رہی، اگر معیشت گرتی رہی تو ہماری قومی سیکیورٹی متاثر ہو گی ، بھارت نے ملکی مفاد میں امریکا کی بات ماننے سے انکار کر دیا ،ہم عوام کیلئے اب تک روس سے سستا تیل نہیں لے سکے، امریکی پالیسیوں کی خاطر ہم اپنے مفادات قربان نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوات میں جو کچھ ہو رہا ہے لگتا ہے اس کے پیچھے کوئی فتنہ ہے،وہاں پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے کی گیم چل رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میر جعفر چاہتے ہیں اور بیرونی ایجنڈا بھی ہے کہ پی ٹی آئی کو ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کو بھی اجازت ہونی چاہیے بھارت کی طرح اپنی پالیسی بنائیں، امریکا کو عادت ہے ایک فون کرو اور پاکستان سے اپنی بات منوا لو۔

انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں،یہ جانتے ہیں ابھی الیکشن ہوئے تو پی ٹی آئی سویپ کر جائے گی، الیکشن ہارنے کے ڈر سے انہوں نے ملک کو داؤ پر لگا دیا ،13 اگست کے جلسہ میں آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کروں گا۔

اس سے پہلے اسلام آباد میں اقلیتی برادری کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد میں سب کو شریک ہونا چاہیے،اس جماعت کا مقصد عوام کو انصاف فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا پوری دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے، ہمارے دین میں انسان سب برابر ہیں،ریاست مدینہ دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی۔

عمران خان نے کہا کہ جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا، انسانی معاشرے میں انصاف اور انسانیت ہوتی ہے۔

حقیقی آزادی آخری مرحلے میں، اللہ کے نام پر بنا ملک کسی کے سامنے نہیں جھکے گا، عمران خان

انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپر ایک ٹولہ مسلط کیا گیا ہے، چھوٹا ٹولہ کہتا ہے کہ ہمیں این آر او دیا جائے، یہ جرم کرتے ہیں اور کہتے ہیں این آر او دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ انصاف کا مقصد کمزور اور طاقتور قانون کے سامنے برابر ہوں،حقیقی آزادی اس وقت ملتی ہے جبکہ انصاف ملتا ہے،13اگست کے جلسے میں بتاوں گا حقیقی آزادی کیسے ملتی ہے۔


متعلقہ خبریں