سیاسی خفت سے بچنے کے لیے ن لیگ کی نئی حکمت عملی!


لاہور: حکمراں جماعت مسلم لیگ ن نے پارٹی بدلنے والے ارکان کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر آئندہ انتخابات میں اپنے متوقع انتخابی امیداروں کے نام التوا میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن قریب آتے ہی پارٹی تبدیل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھتے ہوئے ن لیگ نے فیصلہ کیا ہے کہ  الیکشن 2018 کے لیے حتمی ناموں کا اعلان انتخابی نشان جاری ہونے سے کچھ عرصہ قبل کیا جائے۔

’ہم نیوز‘  کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پارٹی قیادت کوخدشہ ہے کہ امیدواروں کا اعلان ہونے کے بعد اگر ٹکٹ ہولڈرز نے پارٹی سے راہیں جدا کیں تو زیادہ بدنامی ہوگی۔

نئی حکمت عملی کے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لیے امیدواروں کےحتمی ناموں کو ظاہر نہیں کیا جائےگا بلکہ امیدواروں کی اکثریت کو انتخابی نشان الاٹ ہونے سے قبل پارٹی ٹکٹ جاری ہوں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جن حلقوں میں امیدوار مضبوط ہوں گے پارٹی قیادت انہیں جلد ہی انتخابی مہم چلانے کی اجازت دے دے گی۔

امیدواروں کے نام طے کرنے سے متعلق اطلاع میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی اور ڈویژنل تنظیموں سے متوقع امیدواروں کے پینلز وصول کیے جائیں گے۔

آئندہ عام انتخابات کا وقت قریب آتے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد سے ن لیگ کے متعدد اراکین قومی و صوبائی اسمبلی دیگر جماعتوں باالخصوص تحریک انصاف کا حصہ بنے ہیں۔ سیاسی وفاداریاں بدلنے والے ان اراکین میں سے متعدد ایسے تھے جو گزشتہ انتخابات میں آزاد حیثیت سے منتخب ہونے کے بعد ن لیگ کا حصہ بنے تھے جب کہ کئی ایسے بھی ہیں جو متعدد پارٹیاں تبدیل کرنے کے بعد تحریک انصاف کا حصہ بنے ہیں۔


متعلقہ خبریں