نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر خدشات کے سائے


لاہور: نیوزی لینڈ کے مقامی میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ کیوی کرکٹرز پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے حوالے سے ابھی تک تذبذب کا شکار ہیں۔

نیوزی لینڈ پلئیرز ایسوسی ایشن کے سربراہ ہیتھ ملز کے مطابق چند کھلاڑیوں نے پاکستان جانے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے تاہم بعض کھلاڑی سیکیورٹی رپورٹ مثبت آنے پر دورہ پاکستان کے لیے تیار بھی ہیں۔

ہیتھ ملز کا کہنا ہے کہ خدشات کا شکار کرکٹرز چاہتے ہیں کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز دبئی میں منعقد کی جائے۔

پاک نیوزی لینڈ سیریر کے حوالے سے سامنے آنے والی حالیہ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ہیتھ ملز کے مطابق وہ دورہ پاکستان سے متعلق آزادانہ سیکیورٹی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔

ہم نیوز کو ذرائع سے دستیاب اطلاع کے مطابق سیکیورٹی رپورٹ رواں ہفتے مکمل ہونے کا امکان ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو دو ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دے رکھی ہے۔ جب کہ دونوں ممالک کے مابین تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز اکتوبر نومبر میں شیڈول ہے۔

پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے متعدد کامیاب کوششوں کے بعد اب یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ آئندہ کرکٹ مقابلے ملکی گراؤنڈز پر ہی منعقد کیے جائیں۔


متعلقہ خبریں