آئندہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے پی ٹی آئی میں اختلافات


لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے امکانات پر مشتمل خبروں کے ساتھ پارٹی رہنماؤں میں اختلافات بھی بڑھ رہے ہیں۔ مرکزی قیادت کی سطح پر موجود اختلافی معاملات میں اہم وجہ پنجاب کی آئندہ وزارت اعلی کو قرار دیا جا رہا ہے۔

سیاسی صورتحال سے متعلق ذرائع کا دعوی ہے کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے جہانگیرترین اور شاہ محمود قریشی گروپ کے اختلافات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں،  پارٹی عہدوں کی تقسیم، جلسے جلوسوں کا معاملہ ہو یا پارلیمانی سیاست کی حکمت عملی، دونوں گروپ روز اول سے اختلافات کا شکار رہے ہیں۔

’ہم نیوز‘ کو ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق جہانگیرترین اور شاہ محمودقریشی میں حالیہ اختلاف کی وجہ پنجاب میں آئندہ وزارت اعلیٰ کا حصول ہے ۔

اس عہدے کے لئے دونوں گروپ اپنے حامی امیدواروں کو ٹکٹ دلوانے کے خواہاں ہیں جب کہ پارلیمانی بورڈ میں بھی دونوں گروپس میں اختلافات کے باعث ٹکٹوں کی تقسیم میں دشواری ہورہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق الیکشن میں ممکنہ کامیابی پر وزارت عظمیٰ کے لئے تو عمران خان ہی امیدوار ہوں گے  لیکن پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے کئی رہنما سر توڑ کوششیں کررہے ہیں۔

الیکشن 2018 میں پی ٹی آئی کی کامیابی کی صورت میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے شاہ محمود قریشی، چودھری سرور اور علیم خان متوقع امیدوار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین آئندہ وزیراعلی کے لیے علیم خان کے حامی ہیں جب کہ شاہ محمود قریشی خود یا چوہدری سرور کو وزارت اعلی کے منصب پر فائز دیکھنا چاہتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف یا جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کی جانب سے تاحال اختلافات اور ان کے اسباب کے متعلق سامنے آنے والی خبروں کی تردید یا وضاحت نہیں کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں