رانا ثناء اللہ کیخلاف کیس کرنے جا رہے ہیں، انہیں پھانسی کی سزا ہو گی، وزیراعلیٰ پنجاب


وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کیخلاف کیس کرنے جا رہے ہیں، انہیں پھانسی کی سزا ہو گی، رانا ثناء اللہ تم سلاخوں کے پیچھے جانے والے ہیں۔

لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیادتی کرنے والوں سے بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،وہ یاد کریں گے کہ کوئی آیا تھا جس نے حساب پورا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تمام مسلمانوں کے دکھ درد کی دوا بنا ہے، ان کے ویژن کو آگے لے کر چلنا چاہتا ہوں، 2004میں وزیراعلیٰ بنتے ہیں صوبے میں تعلیم مفت کر دی تھی، ورلڈ بینک کے حکام بھی میرے شروع کئے ہوئے منصوبوں کی تعریف کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے نام پر تاجروں کا کاروبار ٹھپ کر دیا گیا، عمران خان نے تو اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں کی، نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس سے مودی کو ساڑھیاں بھجوائیں۔

پی ٹی آئی کی قیادت کو شہبازگل کے بیان سے الگ ہونا چاہیے، پرویز الہیٰ

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے ایجنٹ عمران خان اور پاک فوج کے تعلقات خراب نہیں کر سکتے، عمران خان اور پاک فوج کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سود کے خاتمے کیلئے قانون لے کر آ رہے ہیں، سود کا کاروبار کرنے والے کو 5 سال کی سزا دی جائے گی، اس لعنت کو ختم کر کے رہیں گے۔

مزید کہا کہ ہم نے آتے ہی ہیلتھ کارڈ کو دوبارہ شروع کر دیا ہے، ن لیگ نے آتے ہی صحت کارڈ ختم کر دیا تھا، میں نے دکانیں جلد بند کرنے کی پابندی کا بھی خاتمہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے 25 مئی کو بدترین تشدد اور شیلنگ کا مقابلہ کیا،پی ٹی آئی کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔


متعلقہ خبریں