پی ٹی آئی میں موروثی سیاست ایک قدم آگے


لاہور: پاکستان تحریک انصاف میں الیکٹ ایبلز کے بعد موروثی سیاست کا جادو بھی سر چڑھ کر بولنے لگا۔ لودھراں میں جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کے بعد شاہ محمود قریشی نے بھی اپنے بیٹے زین قریشی کو ملتان سے عملی سیاست میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

’ہم نیوز‘ کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی ملتان کے حلقہ این اے 156 سے خود اور این اے 157 سے اپنے بیٹے کو الیکشن لڑانا چاہتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مخدوم زین قریشی نے ملتان اور علی ترین نے لودھراں میں انتخابی مہم کا آغاز بھی کر رکھا ہے لیکن پارٹی پارلیمانی بورڈ کی جانب سے کسی بھی امیدوار کو ابھی تک ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری نہیں دی گئی۔

جہانگیر ترین کی نااہلی کے بعد ہونے والے ضمنی انتخاب میں ان کے بیٹے علی ترین کو لودھراں سے این اے 154 سے ٹکٹ جاری کیا گیا تھا تاہم وہ ن لیگ کے امیدوار کے مقابل انتخاب ہار گئے تھے۔

پارٹی کےمرکزی رہنماؤں کے بیٹوں کو محنت کیے بغیر ممکنہ ٹکٹوں کے اجرا پر تحریک انصاف قیادت کا ردعمل تاحال سامنے آنا باقی ہے۔

قبل ازیں یہ خبریں بھی سامنے آ چکی ہیں کہ تحریک انصاف کے اندر دو الگ گروپس کی نمائندگی کرنے والے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کے درمیان پنجاب کی وزارت اعلی کے لیے بھی کھینچا تانی بڑھ رہی ہے۔ چند روز قبل پارٹی سربراہ کی موجودگی میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں