نیا صوبہ الیکشن کا نعرہ نہیں ہونا چاہیے، وزیراعظم


شجاع آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیا صوبہ الیکشن کا نعرہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ نئے صوبوں پر سیاسی مذاکرات ہونے چاہئیں۔

ہفتہ کے روز شجاع آباد میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب  صوبے کا نعرہ گزشتہ الیکشن میں سامنے آیا تھا اور اب پھرسامنے آیا ہے۔

موجودہ حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے بساط سے بڑھ کرکام کیا ہر تحصیل اور ضلع میں  منصوبوں پرکام مکمل کیا۔ کیا اس سے پہلے حکومتوں کے پاس وسائل نہیں تھے؟

وزیراعظم نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومتیں منصوبوں کی بات کرتی تھیں، زرداری نے تو کسی بھی منصوبے پر کام نہیں کیا اور مشرف نے کچھ منصوبے شروع کیے کام ایک پر بھی نہیں کیا۔

شاہد خاقان عباسی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے جو کام کیا رکارڈ پر موجود ہے ہم نے اپنے آخری پانچ سالہ دور میں 10 ہزار400 میگاواٹ بجلی پیدا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو گرانے کی کوششیں کی گئیں بہت کہا گیا امپائر انگلی اٹھا دے گا لیکن ہم نے کسی طرف نہیں دیکھا اور ترقی کا سفر جاری رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جمہوریت کے اندر بڑھے گا، سیاست کا فیصلہ پولنگ اسٹیشن پر ہوتا ہے اور مجھے امید ہے آئندہ الیکشن میں فیصلہ نوازشریف اور مسلم لیگ ن کے حق میں آئے گا۔


متعلقہ خبریں