پی ٹی آئی رہنما کی ضمانت منسوخ، گرفتار کر لیا گیا


کراچی: عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کو ضمانت منسوخ ہونے کے بعد گرفتار کر لیا۔

اینٹی انکروچمنٹ ٹربیونل میں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ اینٹی انکروچمنٹ حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ حلیم عادل شیخ پر سرکاری زمین پر قبضے کا الزام ہے اور وہ تحقیقات میں شامل نہیں ہو رہے، انہیں 12 نوٹسز بھیجے گئے مگر اس کے باوجود وہ بیان ریکارڈ کرانے نہیں آئے۔

کراچی کی اینٹی انکروچمنٹ ضلع شرقی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیا۔ حلیم عادل شیخ کی ضمانت منسوخ ہوتے ہی انہیں گرفتار کرنے پولیس کی بھاری نفری عدالت کے باہر پہنچی۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز گِل جسمانی ریمانڈ کیس: ملزم نے ادارے کے اندر بغاوت کرانے کی کوشش کی، پراسیکیوٹر

حلیم عادل شیخ کی ضمانت منسوخ ہوتے ہی پی ٹی آئی کے کارکنان بھی عدالت کے باہر پہنچ گئے تھے۔

واضح رہے کہ اینٹی انکروچمنٹ عدالت نے حلیم عادل شیخ کی عبوری ضمانت میں 17 اگست تک توسیع کی تھی جس کے بعد وہ آج عدالت میں دوبارہ پیش ہوئے۔


متعلقہ خبریں