ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی


 ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی۔

ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان پر موسلادھار بارشوں سے بستی لتڑہ کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا ۔ برساتی نالے مٹھوان کا سیلابی ریلا حفاظتی بند بہا کر لے گیا۔ سیلابی ریلا بستی لتڑہ کی شہری آبادی میں داخل ہو گیا۔ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر نقل مکانی شروع ہو گئی۔

ڈیرہ غازی خان میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید سیلابی ریلوں کا خطرہ ہے ۔آئندہ دو سے تین روز کے دوران کوہ سلیمان کے سلسلہ میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے جس سے ضلع بھر کے برساتی ندی نالوں میں شدید طغیانی آسکتی ہے۔

ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی – برساتی ندی نالوں سے ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے نقل مکانی شروع کردی، بیشتر خاندان محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے۔ بیشتر خاندان سڑکیں اور رابطہ پل بہہ جانے کیوجہ سے پیدل اور اونٹوں کے ذریعے ضروری سامان سمیت محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے ہیں۔

تاریخ کے بد ترین سیلاب نے تونسہ شریف میں تباہی مچا دی، متعدد بستیاں سیلابی پانی میں ڈوب گئیں۔  سیلابی ریلے میں سب سے زیادہ نقصان تونسہ شریف کے مغرب میں آباد تاریخی قصبے “منگڑوٹھہ”  میں ہوا۔  سیکڑوں مکانات اور مال مویشی سیلابی پانی اپنے ساتھ بہا کر لے گیا۔

تونسہ شریف اور کوہ سلیمان میں ایک بار پھر تیز بارش کے بعد پھر سیلابی صورتحال پیدا ہونے  کا خدشہ ہے۔  پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور متوقع سیلاب کے پیش نظر تحصیل بھرمیں ایمرجنسی لگادی گئی۔ تمام اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، مزید کشتیاں تونسہ منگوالی گئی ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر تونسہ کے مطابق  فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو تین وقت کھانا اور رہائش دی جا رہی ہے، تاہم کئی متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ کھلے آسمان تلے حکومتی امداد کے منتظر ہیں ۔


متعلقہ خبریں