سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سیاسی پارٹیاں فرار نہیں ہو سکتیں، حافظ نعیم الرحمان


اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سیاسی پارٹیاں فرار نہیں ہو سکتیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن اب یہ شہر کھنڈر بن گیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہوں لیکن پیپلز پارٹی ایسا نہیں چاہتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کا میئر منتخب ہو لیکن 2 ڈھائی سال سے انتخابات میں تاخیر کی جا رہی ہے لیکن آج کے فیصلے کے بعد سیاسی پارٹیاں فرار نہیں ہو سکتیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما کی ضمانت منسوخ، گرفتار کر لیا گیا

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اس وقت ایم کیو ایم پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ ہیں لیکن پھر بھی انتخابات ضروری ہیں۔ آج کے فیصلے کے لیے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتا ہوں جبکہ کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے جس کا میئر کراچی کو ایک خوبصورت شہر بنائے گا۔

واضح رہے کہ آج صبح سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہی ہوں گے۔ ایم کیو ایم پہلے مناسب فورم سے رجوع کرے اور حقائق کا تعین ہونے پر ہی قانونی نکات عدالتوں میں اٹھائے جا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں