عمران خان نے ملک میں اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کی، خواجہ آصف


اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک میں اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے خیرات کے پیسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیے اور ملک میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی گفتگو میں اس قسم کی شائستگی کا فقدان پہلے کبھی سامنے نہیں آیا اور لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے سے پوری قوم کو دکھ اور غم ہوا۔ بہادر بیٹے اور سینئر آفیسرز بھی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہوئے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا واریئرز کو بھارت اور دیگر ممالک سے سپورٹ مل رہی تھی۔ پاکستان 529، بھارت سے 12 اور دوسرے ممالک سے 29 اکاؤنٹس تھے جن سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل پر عمران خان نے 5 یا 6 دن تک کوئی بیان نہیں دیا اور 6 دن بعد انہوں نے محسوس کیا کہ اس سے کوئی فائدہ نہیں مل رہا۔ سوشل میڈیا پر جس طرح کی ٹویٹس کی گئیں ہم شہدا کے لواحقین سے شرمندہ ہیں کیونکہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ سیاسی مقصد کے لیے ایسی غلط زبان استعمال کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز گل کو تفتیش کیلئے نہیں تشدد کیلئے پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے، فواد چودھری

وزیر دفاع نے کہا کہ 6 دن بعد عمران خان نے کہا شہباز گل کو ایسے نہیں کہنا چاہیے تھا اور عمران خان ٹی وی پر کہہ رہے تھے کہ ایسی گفتگو فلاں فلاں نے بھی کی۔ خود کو بھول گئے کہ ہندوستان میں کئی بار ایسی گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ دفاع کے اداروں سے متعلق مجھے دفاع کرنا چاہیے ورنہ عہدہ چھوڑ دینا چاہیے، شہیدوں سے متعلق کسی کو تنقید کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں