وزیر اعظم کا ملک میں ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر اعظم کو زرعی اصلاحات کے لیے مختلف شعبوں کی 8 سب کمیٹیوں کی سفارشات پیش کی گئیں۔ زرعی اصلاحات کے لیے سفارشات میں قلیل، وسط اور طویل مدتی جامع منصوبہ بندی شامل کی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کسانوں کو ضروری سہولیات فراہم کرے گی اور کسانوں کو کم لاگت پر بروقت معیاری بیج، کھاد کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ مقامی سطح پر معیاری بیج کی پیداوار کے لیے زرعی تحقیقی اداروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو جدید مشینری اور قرضوں میں سہولت کی فراہمی یقینی بنائے گی جبکہ حکومت گندم و زرعی اجناس کو ذخیرہ کرنے کے لیے سائیلوز کی تعمیر پر کام کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے میڈیا کی آزادی کو کچلا اور پارلیمان کو تالے لگوائے، مریم اورنگزیب

شہباز شریف نے کہا کہ گندم کی فصل کی بوائی سے پہلے پیداوار میں فی ایکڑ یقینی اضافے کے اقدامات اٹھائے جائیں اور یقینی بنایا جائے کہ زرعی پیداوار پر حکومت کی طرف سے سبسڈی کسانوں تک پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی منصوبہ بندی کے دوران موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی ملحوظِ خاطر رکھا جائے اور کسانوں کو زراعت کے بین الاقوامی سطح پر رائج جدید طریقہ کار سے روشناس کروانے کے لیے جامع آگاہی مہم چلائی جائے۔

وزیر اعظم نے آئندہ فصل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحاتی پلان مرتب کرنے اور 2 دن میں پلان کو پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف بہت جلد ملک میں زرعی اصلاحات کے لیے جامع منصوبے کا اعلان کریں گے۔


متعلقہ خبریں