شہباز گل کو دہشت گرد کی طرح گرفتار کیا گیا، وزیر داخلہ پنجاب

راناثنا اللہ کو گرفتار کرنیکا ارادہ ہے، ن لیگی قائدین کے خلاف کارروائی ہوتی تو شہباز گل کا واقعہ نہ ہوتا، ہاشم ڈوگر

لاہور: وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ شہباز گل کو اسلام آباد پولیس نے دہشت گرد کی طرح گرفتار کیا۔

وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حراست میں شہباز گل کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا گیا اور عدالت نے شہباز گل کو 2 دن کے لیے جیل منتقل کیا تو جیل سپریٹنڈنٹ نے شہباز گل کوغیر قانونی طور پر چکی میں بند رکھا۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں شہباز گل پر تشدد نہیں کیا گیا لیکن انہیں بلا وجہ چکی میں رکھا گیا اور شہباز گل اتنے خوفزدہ تھے کہ انہوں نے مجھے کچھ نہیں بتایا جبکہ میڈیا سے کہا گیا کہ شہباز گل پر تشدد نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: لگژری اشیا پر پابندی ہٹانے کا اعلان، 26 ارب روپے کے مزید ٹیکس لگا رہے ہیں، مفتاح اسماعیل

ہاشم ڈوگر نے کہا کہ مجھے میرے ذرائع نے بتایا شہباز گل کو پہلے دن چکی میں رکھا گیا اور جیل کے 2 افسران کا تبادلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کل شہباز گل کا ریمانڈ کینسل کر کے پولیس کے حوالے کیا گیا جبکہ ہم نے تمام خدشات کے باوجود شہباز گل کو پمز کے حوالے کر دیا۔ اسلام آباد پولیس نے گاڑیاں کھڑی کر کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی۔


متعلقہ خبریں