وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ گجرات،اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان


وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ گجرات کا دورہ کیا اور اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔

گجرات آمد پر وزیراعلی پرویز الہیٰ کا شاندار استقبال کیا گیا، میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کہا کہ عوام کی مشکلات کا احساس ہے، نوکریوں پر پابندی اٹھا لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گجرات کو آج سے باقاعدہ ڈویژن کا درجہ دے دیا گیا ہے۔  کنجاہ اور جلالپور جٹاں کو تحصیل بنا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دونوں جگہوں پر ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو سنٹرز بھی قائم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وقت اتنا کم ہے ہم ایک دن میں ضائع نہیں کررہے ہیں۔ گجرات نے دل سے عمران خان کو وزیراعظم تسلیم کرلیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ایمرجنسی میں ادویات بند کردی تھی ہم نے دوبارہ ایمرجنسی میں مفت ادویات فراہمی شروع کردی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گجرات میں انجینئرنگ یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔ وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال کو500 بیڈ کی گنجائش والا کردیا ہے جبکہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کو بھی 500 بیڈ تک توسیع کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ایک ایک گھنٹہ بھی قیمتی ہے ضائع نہیں کررہے پہلے بھی جنوبی پنجاب کا احساس محرومی ختم کیا اب بھی کریں گے۔

مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کیلئے 170 ایمبولینس تقسیم کی ہیں جبکہ گجرات کو ایک مثالی شہر بنائیں گے صاف پانی کے لیے انتظام کیا جارہا ہے شہر اور دیہاتوں میں بھی پکی سڑکیں بنائیں گے۔


متعلقہ خبریں